اسلام آباد: (روزنامہ جرأت)میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کی 68 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کیساتھ منائی جارہی ہے۔میجر طفیل محمد شہید کی برسی پر مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، میجر طفیل محمد شہید بائیس جولائی 1914 کو مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیارپور میں پیدا ہوئے، اگست 1958 میں انہیں لکشمی پور کے علاقے میں بھارتی فوج کیخلاف کارروائی شروع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
انہوں نے شدید زخموں کے باوجود عزم و حوصلے کے ساتھ اپنا مشن مکمل کیا، غیر معمولی بہادری، پختہ عزم اور فرض سے بے مثال وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور جرات مندی نے دشمن کو شکست دی اور لکشمی پور سیکٹر کا قبضہ چھڑانے میں کامیابی حاصل کی۔
صدر آصف علی زرداری نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کی 68 ویں برسی کے موقع پروطن عزیز کے دفاع کیلئے ان کی لازوال قربانی اوربے مثال شجاعت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے غاصبانہ قبضے کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور دفاع وطن کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا، شہید کی عظیم قربانی ہمیشہ قوم کیلئے باعث فخر اور آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ رہے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے میجر طفیل محمد شہید کی 68 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ملکی تاریخ میں شجاعت اور قربانی کی ایک لازوال مثال قائم کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور بہادری پوری قوم کے لیے باعثِ فخر جبکہ آنے والی نسلوں کے لیے روشن مثال ہے۔ قوم کے یہ عظیم سپوت آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے مضبوط محافظ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی جرات و بہادری پاک افواج کے افسران اور جوانوں کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔بری فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اورافواج پاکستان نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کو ان کی68 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔




