اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری پر فخر ہے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




