اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ مزدور منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
یکم مئی کو منایا جانے والا یہ دن مزدوروں کی جدوجہد، قربانیوں اور معاشی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کی یاد دلاتا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری و نجی سطح پر تقریبات، ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں مزدوروں کے حقوق، بہتر اجرت، محفوظ کام کے ماحول اور سماجی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت کے مسائل آج بھی محنت کش طبقے کے لیے بڑے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ یومِ مزدور کے موقع پر بھی بڑی تعداد میں مزدور روزگار کی تلاش میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، جبکہ کئی افراد اپنی روزمرہ ذمہ داریاں نبھانے کے لیے کام پر موجود ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدور اور ہنرمند افراد نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں جہاں مزدور کو اس کا جائز حق اور عزت میسر ہو۔




