marco rubio

ہمارے لیے پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

ممبئی:(روزنامہ جرأت) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جغرافیائی اہمیت اور پاکستان کی جوہری صلاحیت کے باعث امریکا کے لیے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس ضرورت کا موازنہ بھارت کے ایران کے ساتھ تعلقات سے کیا۔بھارتی ٹی وی نیٹ ورک 18 کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے انہیں ایسے ممالک کے ساتھ بھی تعلقات قائم رکھنے ہوتے ہیں جن کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جوہری طاقت کا حامل ملک ہے اور جغرافیائی اعتبار سے امریکا کو اس کے ساتھ رابطہ رکھنا ضروری ہے۔روبیو کے مطابق، جس طرح بھارت کو ایران کے ساتھ تعلقات رکھنے اور اس کی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کی ضرورت ہے، اسی طرح امریکا کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا اہم ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنا آسان نہیں، تاہم یہ امریکی خارجہ پالیسی کا لازمی حصہ ہے۔ ان کے بقول، پاکستان کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے سے واشنگٹن کو ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی میں مدد مل سکتی ہے جن پر بھارت کو تشویش ہے۔
روبیو نے واضح کیا کہ امریکا دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی اور دہشت گردی کی سرپرستی کی مخالفت کرتا ہے۔ ان کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان اور امریکا کے تعلقات اور خطے میں سفارتی روابط پر بحث جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں