womangivesbirth4children

طبی تاریخ کا انوکھا واقعہ: خاتون کے ہاں 5 روز میں 4 بچوں کی پیدائش

(روزنامہ جرأت)بھارتی ریاست اتر پردیش میں طبی تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 31 سالہ خاتون نے 5 روز میں 4 بچوں کو جنم دیا۔ بھارتی میڈیا کےمطابق ریاست اترپریش کے ضلع سنبھل کے گاؤں کی مسلم خاتون آمنہ کے ہاں 5 دن کے دوران نارمل ڈیلیوری کے ذریعے 4 بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
اسپتال کے حکام کے مطابق اوواری گاؤں کی رہائشی آمنہ نے 9 مئی کو اپنے پہلے بچے کو جنم دیا جبکہ 14 مئی کو مزید 3 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ڈاکٹروں کے مطابق حمل کو ہائی رسک قرار دیے جانے کے باوجود چاروں بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر نارمل طریقے سے ممکن ہوئی۔ طبی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر شبھرا اگروال نے بتایا کہ اسپتال کی تاریخ میں یہ پہلا کیس ہے جس میں چار بچوں کی نارمل ڈیلیوری کی گئی۔اسپتال حکام کے مطابق احتیاطی تدبیر کے طور پر نومولود بچوں کو وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے، تاہم ان کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ماں بھی صحت مند ہے۔ ڈاکٹر اگروال کے مطابق جب الٹراساؤنڈ رپورٹ میں4 بچوں کی تصدیق ہوئی تو ایک خصوصی ٹیم نے پورے حمل کے دوران آمنہ کی قریبی نگرانی کی۔
ڈاکٹروں نے ابتدا میں خطرات کے پیشِ نظر بچوں کی تعداد کم کرنے کا مشورہ دیا تھا، مگر خاندان نے حمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ آمنہ نے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے بچے خیریت سے ہیں جبکہ ان کے شوہر محمد عالم نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران طبی ٹیم نے اس کیس کو نہایت احتیاط اور مہارت سے سنبھالا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں