section 144 imposed across punjab

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ؛ کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی

لاہور: (روزنامہ جرأت)حکومت پنجاب نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔محکمہ داخلہ نے آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جبکہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی، جبکہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘ تشکیل دی ہے۔زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت ’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘ دے گی، جبکہ کمیٹی کی تحریری اجازت سے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔
حکومت پنجاب کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت عائد کی ہے، جبکہ پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں