مستونگ: فتنہ الہندوستان کا بینکوں اور دیگر دفاتر پر حملہ، نوجوان جاں بحق، 7 زخمی

مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں لڑکا جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان نے بینک تحصیل آفس اور دفاتر پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے سولہ سالہ نوجوان لڑکا جاں بحق اور 7 دیگر شہری افراد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا،دہشتگرد پسپا ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا ہے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جب کہ تین زخمی ہوگئے۔

ترجمان حکومت نے کہا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے، سیکورٹی فورسز کا فوری رسپانس جانی نقصان کو مزید بڑھنے سے روکنے میں مؤثر رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے مقام پر فورسز نے منظم انداز میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی جا رہی ہے، سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے سہولت کاروں کی تلاش بھی شروع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں