پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حقیقت پر مبنی بیان نے بھارتی اداکار و بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما متھن چکرورتی کو سیخ پا کردیا۔
متھن نے زہریلی زبان استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر میزائل حملے کی دھمکی دے دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔
اداکار نے صحافی کے ایک سوال پر گیدڑ بھپکی دی اور کہا کہ اگر ہمارا دماغ خراب ہوگیا تو پاکستان پر براہموس میزائل چلے گا اور پھر ایک اور چلے گا، اگر کچھ نہیں ہوا تو ہم ایک ڈیم بنائیں گے اور وقتِ ضرورت پر اسے کھول دیں گے، اس طرح گولی تو نہیں چلے گی لیکن سونامی آ جائے گا۔
متھن چکرورتی نے مزید کہا کہ معافی چاہتا ہوں، پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، وہ لوگ اچھے ہیں، یہ بات میں نے صرف ان (بلاول و قیادت) کے لیے کہی ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھٹ شاہ پر خطاب میں کہا تھا کہ دریائے سندھ پر حملہ تہذیب اور ثقافت پر حملہ تصور کیا جائے گا، میں نے مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج مودی بے نقاب ہوگیا۔