اسلام آباد: خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش پر توجہ دینے کا مطالبہ کردیا۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ افسوس کے ساتھ علم ہوا ہے کہ لاکھوں لوگوں کو بیروز گار کیا جارہا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا حکومتی فیصلہ افسوسناک ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے لاکھوں افراد بیروزگار اور ان کے خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ناانصافی ہے اور ہم حکومت سے اس پر جواب طلب کرتے ہیں، حکومت سے درخواست ہے کہ اس پر دوبارہ توجہ دی جائے، یہ انتہائی تشویشناک امر ہے، وفاقی حکومت اس معاملے پر توجہ دے، یہ لوگوں کے معاشی مستقل کا معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
وفاقی حکو مت کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی خریدو فروخت کا عمل یکم اگست سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا اور ادارے کے تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤسز کو منتقل کر دیا گیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا ای آر پی سسٹم بھی یکم اگست سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔