پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ پروین اکبر نے اولاد کی تربیت کا ذمہ دار والدین کو ٹھہرا دیا۔
پروین اکبر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان کی جانب سے ان کے ساتھ شوبز انڈسٹری سمیت مختلف موضوعات پرگفتگو کی گئی۔
میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ہمیں بڑھاپے میں بچوں پر انحصار کرنا چاہیے؟ جس کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ اسلام نے زندگی میں اولاد کی ایک اہمیت رکھی ہے، اور ہمارے معاشرے میں اگر کسی کی اولاد نہ ہو تو اس کیلئے مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں، یہ ایک سسٹم کے تحت ہے، لیکن درحقیقت بڑھاپے کا سہارا اولاد ہی ہوتی ہے، اب جو نالائق اولاد ہے اسے آپ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
پروین اکبر نے مرحومہ اداکارہ عائشہ خان کی اولاد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ خان کی اولاد ہے لیکن ان کی موت کیسے ہوئی، ایسی بھی اولاد ہوتی ہے، اس کا ذمہ دار میں ماں باپ کو ٹھہراتی ہوں، والدین کی تربیت کیا تھی؟ والدین نے کیسے پرورش کی جو بچے ان سے دور تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا بیٹا اس وقت برطانیہ میں موجود ہے اور روزانہ مجھے فون کرکے خیریت معلوم کرتا ہے، اولاد بری اور اچھی دونوں طرح کی ہوتی ہے لیکن اس میں والدین کی پرورش کا بھی بہت اہم کردار ہوتا ہے.