باجوڑ امداد لے جانے والا کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 5 افراد شہید

پشاور:کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر امدادی سامان باجوڑ لے جاتے ہوئے مہمند میں گر کر تباہ ہوگیا جس میں دو پائلٹ سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ جاتے ہوئے لاپتا ہوا اور ضلع مہمند پہنچ کر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔

چیف سیکریٹری کے پی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ جارہا تھا کہ ضلع مہمند میں اس کا رابطہ منقطع ہوگیا، خراب موسم کے سبب ہیلی کاپٹر تباہ ہوا۔

اعلیٰ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر چینگی بانڈہ میں گرا ہے جس میں تین افراد شہید ہوئے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمند کے آس پاس کے علاقوں میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرا ہے جس کی وجہ سے دھماکا ہوا اس تک پہنچنے کا راستہ بہت دشوار ہے۔

ہیلی کاپٹر باجوڑ امداد لے کر جارہا تھا، وزیراعلیٰ کے پی

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ MI-17 ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقہ سالارزئی میں امدادی سامان لے کر جارہا تھا، خراب موسم کی وجہ سے ضلع مہمند کے فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی گئیں، علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات کردی ہے جب کہ دوسرا ہیلی کاپٹر بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو پائلیٹ سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہوئے، صوبائی حکومت کل سوگ منائے گی، کل صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں