بارش کےبعد کراچی میں معمول زندگی مفلوج؛ کئی سڑکیں تاحال زیرآب، گاڑیاں بند،متعدد علاقوں میں بجلی معطل

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی مفلوج ہیں جب کہ اب تک کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شہر کی کئی سڑکوں پر تاحال پانی جمع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانی جمع اور کھڈوں کے باعث ائیرپورٹ سے شاہراہ فیصل جانے والا ٹریک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، ٹریفک کو اسٹار گیٹ سے شاہراہ فیصل کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

ماڈل کالونی سے شاہراہِ فیصل پر کئی گاڑیاں خراب حالت میں موجود ہیں، ناظم آباد نمبر 1 انڈر پاس، ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس، لیاقت آباد انڈر پاس، ناظم آباد انڈر بائی پاس جانب حبیب بینک اور حبیب بینک جانب لیاقت آباد مین حکیم ابن سینا روڈ ٹریفک کیلئے بند ہیں۔

اس کے علاوہ سہراب گوٹھ انڈربائی پاس بھی بند ہے اور شفیق موڑ سے آنے والی ٹریفک کو انڈر پاس کے اوپر سے بھیجا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ بارش رکے 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے، 700 سے زائد فیڈرز متاثر ہے جس کے باعث شہری دوہری اذیت کا شکار ہیں۔

سڑکوں پر پانی موجود ہے جب کہ گھروں میں بجلی بند ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس بھی تاحال متاثر ہے۔

بارش کا پانی زیادہ جمع ہو گیا، شہید ملت روڈ، طارق روڈ انڈر پاس ٹریفک کے لیے بند ہے، متبادل راستہ ٹریفک کو انڈر پاس کے اوپر سے بھیج رہے ہیں۔

ڈرگ روڈ انڈر پاس جانب ایئرپورٹ کو ٹریفک کو انڈر پاس کے اوپر سے بھیج رہے ہیں۔

گزشتہ روز مون سون کے طاقتور سسٹم کے زیر اثر کراچی میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے سبب مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی جب کہ دیواریں گرنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

موسلادھار بارش کے سبب شہر کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا تھا۔ گلشن حدید میں ایک گھنٹے سے موسلادھار بارش سے گلیاں زیر آب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ اپنا قیمتی سامان محفوظ جگہ ٹھکانے لگانے لگے۔

کراچی میں بارش کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ گلستان جوہر بلاک 12 کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 خلیل مارکیٹ اقصیٰ مسجد کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 8 سالہ بچہ عبداللہ ولد عباس جاں بحق ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، اس کے علاوہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں نوجوان سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں