اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاک چین افغان وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے کابل روانہ ہو گئے۔
زرائع کے مطابق اسلام آباد سے جاری بیان میں بتایا گیاہ ے کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج کابل روانہ ہوگئے جہاں وہ پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارت، علاقائی روابط اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم کے ہمراہ افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام بھی کابل گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی افغان نگراں وزیر خارجہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔
کابل میں ہونے والا یہ سہ فریقی اجلاس خطے میں استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔