بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کا ضلع بونیر کا دورہ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے آج ضلع بونیر کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کیا.جہاں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اپنے دورے کے دوران، انہوں نے پیر بابا کے مقام پر متاثرہ علاقوں کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔

اس موقع پر BISP خیبر پختونخوا کی ڈائریکٹر جنرل اور ان کی ٹیم بھی انکے ہمراہ تھی تاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بونیر میں BISP سے مستفید ہونے والے تمام مستحق خاندانوں کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری اور جامع تخمینہ لگایا جائے تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

چیئرپرسن نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ اگلے چند دن کے اندر بونیر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے منسلک متاثرہ خاندانوں کو BISP کی جانب سے امدادی رقوم فراہم کر دی جائیں، تاکہ اس مشکل گھڑی میں انکے لئے آسانی ہو۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ BISP ہمیشہ کی طرح عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا اور کسی بھی آفت یا ہنگامی صورتحال میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں