اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 75 برس کے دوران پنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آج جیسا تعلق ہوتا تو کئی سنگ میل طے ہو چکے ہوتے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایک سال قبل ہم نے ایک اور جنگ بھی لڑی تھی۔ اس جنگ میں ہماری افواج نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ۔ ہم ایک جنگ معاشی محاذ پر بھی لڑ رہے ہیں ۔ ساری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو تو یہ جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ 25 کروڑ عوام کی جنگ ہے ۔ میں امریکی قیادت کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہتا ہوں۔ 75 سال میں پہلے اتنی عزت پاکستان کو ملتے نہیں دیکھی ۔ اب معاشی محاذ پر بھی ہم نے مسائل سے نمٹنا ہے۔ سفارتی محاذ پر ہونے والی اس کامیابی سے ہمیں سیکھنا چاہیے ۔ دہشتگردی کے خلاف بھی سب کو مل کر کھڑا ہونا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی قیادت کا بھی شکریہ کہ ایران پر دہائیوں سے ہونے والی زیادتیوں کا احساس کیا ہے۔ گلف کے بھائیوں سے بھی کہوں گا کہ اختلافات ختم کریں تاکہ غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے کردار ادا کر سکیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس سے پہلے شاید اس قسم کا اعزاز نہیں ملا ۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے جس طریقے سے یہ معاملہ حل کیا ہے۔ پچھلے 75 سال میں پنڈی اور اسلام آباد میں ایسا تعلق ہوتا تو بہت سے سنگ میل طے ہو چکے ہوتے۔ پچھلے 3 سال میں جو کوششیں ہوئیں، اللہ تعالیٰ نے اس کا ثمر عطا کیا ہے ۔ ایرانی بھائیوں نے جس عزم کے ساتھ اس جنگ کو ڈیل کیا اس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ یہی اتحاد و اتفاق قائم رہا تو مسئلہ فلسطین بھی حل ہوگا۔




