کراچی: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہےکہ مولانا فضل الرحمان اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں اور فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے لہٰذا الیکشن 8 فروری کو ہیں اس پر کوئی دوسری رائے نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضٰی سولنگی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں لیکن ملک میں اس سے زیادہ خراب صورتحال رہی ہے اور الیکشن ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے، الیکشن 8 فروری کو ہیں اس پر کوئی دوسری رائے نہیں۔نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلئینگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بنیادیں جب تک ٹھیک نہیں ہوں گی مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی اس لیے ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہوگی تاہم فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، نجکاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے۔