ڈیرہ اسماعیل خان: پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ مولانا فضل الرحمان انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے انتخابی نشان کے فیصلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ن) کی خواہشات کے مطابق عدالتیں فیصلہ کرنےکی پابند تو نہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان انتخابات سے راہ فرار اختیارکرنا چاہتے ہیں، ان کو ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنا مستقبل نظر آگیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کے خدشات اپنی جگہ لیکن شہداء تو ہماری پارٹی کے بھی ہیں، پیپلز پارٹی شہیدوں کی وارث جماعت ہے جے یو آئی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی 9 مئی واقعات کی آڑ میں سیاسی انتقام کے خلاف ہے، کاغذات چھیننا اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، فریال تالپورکو عیدکی شام جیل بھیجا گیا تو شاہ محمود نے اسے قانون کے مطابق قرار دیا تھا۔