کراچی: شہر قائد میں آج رواں سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ہفتے سے جاری سردی کی لہر میں مزید شدت آ رہی ہے۔ جمعرات کے روز سرکاری ڈیٹا کے حامل ویدر اسٹیشن (پہلوان گوٹھ) پر کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گلستان جوہر کے علاقے میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ جناح ٹرمینل ویدر اسٹیشن پر کم از کم پارہ 8 ڈگری، شاہراہ فیصل اور ماڑی پور میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیش گوئی کی تھی کہ اگلے 3 روز تک شہر قائد کا موسم مزید سرد ہوگا۔ اس دوران دن میں فضا کے خشک اور رات میں سرد رہنے کی توقع ہے جب کہ کم سے کم پارہ 10سے12ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔