کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے اپنے امیدواران کے حتمی ناموں کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایاگ یا ہے کہ سینئر ڈپٹی کنونیئر مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار دو حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینگے جبکہ ایم کیو ایم نے ملیر کی تین اور جنوبی کی ایک نشست پر اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔
ایم کیو ایم نے کراچی کی قومی اسمبلی کی 22 نشستوں میں 18 پر امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان متحدہ کے مطابق حتمی امیدواران کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔
ضلع کورنگی کے حلقہ این اے 232 سے آسیہ اسحاق، حلقہ این اے 233 سے جاوید حنیف، ابو بکر، حلقہ این اے 234، اقبال محسود، حلقہ این اے 235 سے ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے۔ ضلع شرقی میں حلقہ این اے 236 پر حسان صابر، حلقہ این اے 237 پر رؤف صدیقی، حلقہ این اے 238 پر صادق افتخار، حلقہ این اے 240 پر ارشد وہرہ متحدہ پاکستان کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
ضلع ساؤتھ کے حلقہ این اے 241 سے فاروق ستار، حلقہ این اے 242 سے مصطفیٰ کمال، این اے 243 ڈسٹرکٹ کیماڑی سے ہمایوں عثمان، حلقہ این اے 244 سے فاروق ستار، این اے 245 سے حفیظ الدین جبکہ حلقہ این اے 246 سے امین الحق اور حلقہ این اے 247 سے مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی حلقہ این اے 248، حلقہ این اے 249 سے احمد سلیم صدیقی، این اے 250 سے فرحان چشتی ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں تاحال مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی ہے اور اس حلقے میں ایم کیو ایم کے امیدوار مصطفی کمال ہیں۔
ایم کیو ایم نے ملیر سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں حلقہ این اے 229، 230 اور 231 پر اپنے امیدواروں تاحال کھڑے نہیں کیے جبکہ ضلع جنوبی کی نشست جو لیاری کی این اے 239 پر بھی ایم کیو ایم نے اپنا امیدوار نہیں کھڑا کیا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آج ایم کیو ایم کی جانب سے صوبائی حلقوں کے حتمی امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔