اسلام آباد: سوشل میڈیا پر ججز کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت پی ٹی اے کو نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی معلومات اکھٹی کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔
زرائع کے مطابق عدلیہ مخالف نفرت انگیز مواد کی روک تھام کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی کا اجلاس ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہوا۔
جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کی جس میں سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حساس اداروں کے افسران نے پلان آف ایکشن سربراہ جے آئی ٹی کو پیش کردیا۔
جے آئی ٹی نے پی ٹی اے کو نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی معلومات جمع کرنے کی ہدایت کردی جس میں کہا گیا ہے کہ مواد اپ لوڈ، شیئر اور کمنٹ کرنے والوں کی تمام تفصیلات حاصل کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق اگلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مواد پھیلانے والوں کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔