لاہور: پنجاب کے علاقے خوشاب میں شوہر نے بیوی کو بیٹی پیدا ہونے پر قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے خوشاب میں تھانہ نوشہرہ کی حدود خاتون کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد شوہر محمد شہزاد کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ بیٹی کی پیدائش پر خوش نہیں تھا جس کی وجہ سے اُس نے بیوی کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل پولیس کو مددگار 15 پر کال کر کے ملزم نے اطلاع دی کہ اُس کی بیوی نے خودکشی کرلی ہے۔ واقعے کے بعد ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
پولیس تفتیش میں محمد شہزاد نے انکشاف کیا کہ اس نے خود ہی اپنی بیوی کو قتل کیا ہے، مقتولہ رابعہ کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی جس کا اس کے خاوند محمد شہزاد کو رنج تھا۔