بالی ووڈ کے ویٹرن اداکار شترو گھن سنہا نے کہا ہے کہ وہ اپنی اکلوتی بیٹی اور اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی کے دن سب سے زیادہ خوش ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شترو گھن سنہا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی بیٹی سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی خبروں پر ردعمل دیا۔
شترو گھن سنہا نے کہا کہ میں سوناکشی اور ظہیر اقبال کی شادی کی خبروں کی نہ تو تصدیق کر رہا ہوں اور نہ ہی تردید کر رہا ہوں، ان دونوں کی شادی کے بارے میں آپ کو وقت ہی بتائے گا۔
سینیئر اداکار نے کہا کہ سوناکشی میری آنکھ کا تارا ہے، وہ میری اکلوتی بیٹی ہے اور میرے بہت قریب ہے، مجھے اپنی بیٹی پر بہت زیادہ فخر ہے کیونکہ اُس نے حالیہ سالوں میں اپنی شاندار اداکاری کی صلاحیتوں سے خود کو منوا لیا ہے، وہ بہترین اداکارہ کے طور پر سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں: سوناکشی سنہا کی شادی کا دعوت نامہ لیک ہوگیا
اُنہوں نے کہا کہ سوناکشی سمجھدار ہے، اُسے اپنے جیون ساتھی کے انتخاب کا حق حاصل ہے اور مجھے یقین ہے کہ میری بیٹی نے اپنے لیے بہترین جیون ساتھی کا انتخاب کیا ہوگا۔
شترو گھن سنہا نے مزید کہا کہ اگر میری بیٹی کی شادی ہورہی ہے تو میں اپنی بیٹی کو دُعا دوں گا اور میں اپنی بیٹی کی شادی کے دن سب سے زیادہ خوش ہوں گا کیونکہ میری ایک ہی تو بیٹی ہے جو میرے جگر کا ٹکڑا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سوناکشی سنہا رواں ماہ 23 جون کو اپنے بوائے فرینڈ ظہیر اقبال کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوگی۔