(روزنامہ جرأت)پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور حکومتی سبسڈی کے شفاف طریقے سے صارفین کو پہنچنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔پاور ڈویژن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب ان صارفین کے ماہانہ بلوں پر جنہیں حکومت کی طرف سے سبسڈی دی جا رہی ہے، واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ اُنہیں اس مہینے میں کتنی رقم کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ یہ سبسڈی اہل اور مستحق صارفین تک پہنچتی رہے، بجلی کے بل پر ایک کیو آر کوڈ دیا جا رہا ہے جسے اسکین کرکے صارفین کو ایک لنک پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔
یہ رجسٹریشن محض اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے تاکہ غریب اور بجلی کم استعمال کرنے والے خاندانوں کو ریلیف ملتا رہے۔
واضح رہے کہ اس کا مطلب کسی بھی طرح سبسڈی ختم کرنا نہیں ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور اس عمل کا مقصد فقط وسائل کا صحیح اور منصفانہ استعمال ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے ضائع ہونے سے بچ سکیں۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ مستقبل میں اہل بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کے تسلسل کے لیے دیے گئے کیو آر کوڈ پر جلد از جلد رجسٹریشن کریں۔
اگر کسی صارف کو بل پر کوئی غلطی یا دیگر پریشانی ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
حکومت عوام کی سہولت اور شفافیت کے لیے پرعزم ہے اور کسی سیاسی یا معاشی دباؤ کے باوجود غریب کا حق ادا کرتی رہے گی۔




