لندن: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کولیسٹرول قابو کرنے والی دوا ذیابیطس کے مریضوں میں آنکھ کی بیماری کو سست کر سکتی ہے۔
ذیا بیطس آنکھ کی پشت میں موجود خون کی باریک شریانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ڈائیبیٹک ریٹینوپیتھی نامی یہ کیفیت دنیا بھر میں بینائی جانے کے پانچ بڑے اسباب میں سے ایک ہے۔
تازہ ترین تحقیق میں بتایا ہے کہ فینو فائبریٹ نامی ایک دوا جس کو 30 سال سے زیادہ عرصے تک کولیسٹرول کو قابو کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے ممکنہ طور پر اس کیفیت کے بڑھنے کو 27 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت اس کیفیت میں مبتلا افراد کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈائیبیٹیز یو کے میں ریسرچ کمیونیکیشنز کی سربرہ ڈاکٹر لوسی چیمبرز کا کہنا تھا کہ آنکھ کے مسائل بہت خوفناک ہوتے ہیں اور ذیابیطس کے سبب ہونے والی معمول کی پیچیدگیاں ہوتی ہیں۔ تاہم، بروقت اقدامات نقصان کے عمل کے ابتدائی اشاروں کو روک سکتے ہیں۔