اسلام آباد: جسٹس بابر ستار توہین عدالت کیس میں بڑی پیش رفت ہوگئی۔
جسٹس بابر اور ان کی فیملی کا ذاتی ڈیٹا کس نے لیک کیا ؟ ہائی کورٹ نے بڑا قدم اٹھا لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ لارجر بنچ کی ہدایت پر رجسٹرار ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ اور امریکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے چیف لیگل آفیسر کو اہم خط لکھ دیا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق خط میں ایکس سے پاکستانی تحقیقاتی اداروں کو متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایکس اگر اپنا نمائندہ ہائی کورٹ کے سامنے بھیجنا چاہے تو بھیج سکتا ہے ، یہ قابل تعریف عمل ہو گا۔
خط میں کہا گیا کہ جسٹس بابر ستار اور انکی فیملی کا ذاتی ڈیٹا ایکس پر لیک ہوا ، ایکس ڈیٹا لیک کرنے والے کے اکاؤنٹ کی شناخت میں معاونت کرے، اگر یہ ایک منظم مہم تھی تو اس کے لنکس کے حوالے سے بھی ایکس معاونت کرے۔
خط میں ایکس کی جانب سے یوکے اور بھارتی حکومتوں کو اس سے قبل معاونت دینے کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی منسلک کی گئیں۔