اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں بنوں چھاؤنی پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے جوانوں نے کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم کا شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اور جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
بنوں چھاؤنی پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد شہزاد ، حوالدار ظل حسین ، حوالدار شہزاد احمد ، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔