اسلام آباد: حکومت نے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں قیدپاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے