لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نو مئی کے مجرم نے منصوبہ سازی اور سہولت کاری کا اعتراف کرلیا۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی جماعت نہیں انتشاری ٹولہ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے۔ نومئی کے مجرم نے منصوبہ سازی اور سہولت کاری کا اعتراف کرلیا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا۔ پیٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی۔ چار ماہ ٹانگ پر پلستر باندھنے کے ڈرامے کے دوران 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی۔ یہ کیسا پرامن احتجاج تھا جس میں 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے۔ ائیرفورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی۔ کور کمانڈر ہاؤس جلائے گئےاور شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے، سائفر لہرانے کی سازشیں، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی اس بڑی سازش کا حصہ ہیں۔ شواہد اور ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ہونا ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔ یہ وہی سازشی گروہ ہے جس نے دوست ممالک کو پاکستان سے دور کیا۔ ان کی قیادت کے۔خلاف بدزبانی کی، سی پیک اور چین پر بے بنیاد الزامات لگائے اور دھرنے سےچین کے صدر کا دورہ نہ ہونے دیا۔ انہوں نے 2014 میں پارلیمنٹ ، پی ٹی وی ،وزیراعظم ہاؤس پر حملے کیے۔ پولیس اہلکاروں کے سرپھاڑے، سپریم کورٹ کی دیواروں پر گندے کپڑے دھوئے اور ڈی چوک میں قبریں کھودیں.