10 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم اسکول ہیڈ ماسٹر ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار

کراچی میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم اسکول ہیڈ ماسٹر ضمانت مسترد ہونے پر سندھ ہائی کورٹ سے فرار ہوگیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں 10 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے ملزم کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ملزم ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھارہا ہے۔ ملزم نے مدعی مقدمہ و بچی کے والد کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے۔ ملزم کی ضمانت مسترد کی جائے۔

عدالت نے ملزم اسکول ہیڈ ماسٹر محمد حنیف کی ضمانت مسترد کردی۔ ضمانت مسترد ہونے پر ملزم ہائیکورٹ سے فرار ہوگیا۔ استغاثہ کے مطابق زیادتی کا واقعہ جون 2024 میں اسکول میں پیش آیا تھا۔ ہیڈ ماسٹر نے بچی کی والدہ کو فون کیا تھا اور کہا تھا بچوں کو بھیجو عیدی دیتا ہوں۔ جب بچی وہاں گئی تو اسے ہاتھ پاؤں باندھ کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں