لاہور؛ پیشی کے لیے عدالت جانے والا باپ 2 بیٹوں سمیت قتل

لاہور:عدالت میں پیشی کے لیے جانے والا شخص اپنے 2 بیٹوں سمیت سرِراہ قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق سگیاں روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے باپ اور 2 بیٹوں کو قتل کردیا۔ قتل ہونے والے رکشہ میں سوار باپ بیٹے عدالت میں پیشی کے لیے جا رہے تھے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ شبہ ہے کہ باپ بیٹوں کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا ہے۔ واقعے کے وقت فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی بھی ہوگیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے مقتولین کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کےلیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں