اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

راولپنڈی:وفاقی دارالحکومت میں جاری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کے موجودہ حالات اور ضلعی انٹیلی جینس کمیٹی کی تجاویز کے پیش نظر راولپنڈی کی حدود میں قائم تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں 27 نومبر کو چھٹی ہوگی۔

ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

ادھر وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے بھی اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بند تیسرے روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ شہر بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بدھ کو بند رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ موجودہ حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے اورفیصلے کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہو گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث مختلف راستے بند ہیں اور سیکیورٹی کے پیش نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے آج 26 نومبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں