انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق فیصلہ آج ہوجائے گا۔
ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا، اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستان آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے سے صاف انکار کردے گا۔
ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے اسپانسرز اور پیسے کا رعب دکھاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ کروانے کےلیے مجبور کرے گا۔
مزید پڑھیں: چمپئینز ٹرافی؛ ہم زخم سہہ لیں گے اپنی بے عزتی نہیں کرائیں گے، محسن نقوی کا آئی سی سی کو دو ٹوک جواب
پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے قبل ہی ٹرافی کا قابل قبول فارمولا مانگا ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی عزت پر بات نہیں آنے دیں گے، پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے سارے انتظامات تقریباً مکمل کرچکا ہے اور حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کے مستقبل سے متعلق فیصلہ آج 29 نومبر کو ہوگا تاہم آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے حوالے سے کوئی باضابطہ ٹائم سامنے نہیں آیا ہے۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھارت کے بغیر بھی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور ہوگا
دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کےلیے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہوچکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک کی وجہ سے معاملات کو بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔