لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے اگلے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔
مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے اضافے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی جبکہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی نے ہدایت کی کہ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے ڈی جی نے کہا کہ دریاؤں نہروں ندی نالوں اور تالابوں میں ہرگز مت نہائیں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔