ایشیا کپ اور سہ ملکی سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، بابر اور رضوان باہر

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو اے ای میں تین ملکی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

سلیکٹر و ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قومی اسکواڈ کا اعلان کیا، سلمان علی آغا کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

سترہ رکنی اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث شامل ہیں۔

ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

قومی سلیکٹر عاقب جاوید نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فخر زمان وائٹ بال کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کررہے ہیں، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی پرفارمنس بھی بہتر ہوئی ہے۔ ٹیم کی سلیکشن میں کپتان کی مشاورت شامل ہے، 17 رکنی اسکواڈ میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا کہ ٹی 20 فارمیٹ میں ٹیم اچھا پرفارم کررہی ہے، گزشتہ 9 میچز میں سے 6 میں ہم کامیاب ہوئے، ایک میچ ہم آخری بال پر ہارے، ہمارا فوکس جیت اور اسکے تسلسل پر ہے۔

پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر سے شارجہ میں ہوگی۔ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابو ظبی اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں