ایران میں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی کمال کی فلمیں بنتی ہیں، سیفی حسن

پاکستانی ہدایتکار سیفی حسن نے کہا ہے کہ ایران میں سخت پابندیوں اور قدغنوں کے باوجود فلم انڈسٹری نے حیران کن ترقی کی ہے، جہاں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی بہترین فلمیں بنائی جارہی ہیں۔

سیفی حسن نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں میڈیا پر بہت زیادہ قدغن ہے لیکن اس کے باوجود ایرانی سینما نے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی۔

انہوں نے کہا کہ “وہاں اداکار دوپٹہ اور برقعہ پہن کر بھی کمال کی اداکاری کرتے ہیں، لیکن شاندار فلمیں تخلیق ہو رہی ہیں۔ ہم ہمیشہ ضیاء الحق کے دور کا حوالہ دیتے ہیں کہ اس وقت دوپٹے کے ساتھ اداکاری کی جاتی تھی، مگر ایران آج بھی اسی ماحول میں ترقی کررہا ہے۔”

ہدایتکار کے مطابق پاکستان میں بھی معیاری کام ہوتا ہے لیکن چونکہ مواد بہت زیادہ بنتا ہے اس لیے اچھا کام اکثر نظر نہیں آتا۔

سیفی حسن نے مزید کہا کہ پروڈکشن ہاؤس زیادہ تر مرکزی کرداروں کے فیصلے خود کرتے ہیں کیونکہ انہیں اپنے منصوبے سے منافع چاہیے ہوتا ہے، البتہ ہدایتکاروں سے رائے ضرور لی جاتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایسے ڈرامے یا پروجیکٹس پر کام نہیں کرتے جن میں پسماندہ سوچ دکھائی دے، چاہے پروڈیوسرز انہیں اس کے لیے طعنے ہی کیوں نہ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں