ملتان میں سیلاب سے صورتحال سنگین؛ بند توڑے جانے کے پیش نظر بڑی تعداد میں نقل مکانی

ملتان میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جب کہ شیر شاہ بند پر متوقع بریچنگ کے پیش نظر رات گئے سے لوگوں کی شیر شاہ کے قریب بستیوں سے نقل مکانی جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب میں ہیڈ تریموں سے نکلنے والے 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک پانی ملتان کی حدود میں داخل ہوگیا جب کہ ہیڈ محمد والا کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔

محکمہ انہار کی گیچ 413.40 کراس کرگئی، پانی کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے شیر شاہ بند کو دھماکے سے اڑا کر بریچ کیا جائے گا، شیر شاہ بند بریچ ہونے سے 20 سے زائد موضع جات متاثر ہونگے۔

ایم این اے عبد القادر گیلانی اور ایم این اے علی قاسم گیلانی نے لوگوں سے گھر خالی کرنے کی اپیل کی ہے، اس کے بعد رات گئے سے لوگوں کی شیر شاہ کے قریب بستیوں سے نقل مکانی جاری ہے۔

حکام شہری علاقوں کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اگلے 48 گھنٹوں میں آبی ریلا ملتان کی طرف بڑھے گا، جس سے شہر کے لیے صورتحال نہایت سنگین ہو جائے گی جو پہلے ہی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے۔

سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے بند کے ساتھ آباد بستیوں میں رہنے والوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو شیر شاہ، گگرا کچور، موضع ہمر اور دیگر قریبی علاقوں کی طرف موڑا جائے گا تاکہ سیلابی دباؤ کو توڑا جا سکے اور مزید نقصان سے بچا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں