asimmunirandkhalifaabulqasim

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبین عرب مسلح کے سربراہ خلیفہ ابو القاسم حفتر کی ملاقات

(روزنامہ جرأت)فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی پہنچے۔
ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی ہمراہ تھے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر اور ڈپٹی کمانڈر اِن چیف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی بالخصوص متعلقہ خطوں کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پیشہ ورانہ تعاون پر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے ، لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔قبل ازیں نور خان ائیر بیس آمد پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج کا استقبال کیا جبکہ معزز مہمان نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں