(روزنامہ جرأت)حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ طور پر پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا۔اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں اور اس ضمن میں سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا بھی جائزہ لیا۔ ان مراسلات میں پاکستان سے حالیہ درپیش چیلنجز کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت نے بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی نوٹ کیا۔ پاکستان برادر ملک بنگلادیش کی جانب سے اظہار تشکر کو نہایت گرمجوشی اور خلوص کے ساتھ قبول کرتا ہے، پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہےکہ وہ بنگلا دیش کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔اعلامیے کے مطابق آج شام وزیراعظم کی سری لنکن صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، خوشگوار اور دوستانہ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ خصوصاً مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ سری لنکن صدر نے وزیر اعظم سے موجودہ معاملےکو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی۔
اعلامیے کے مطابق دوست ممالک کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ہدایت کی کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے مقررہ میچ میں شرکت کرے۔حکومت پاکستان کا کہنا ہے یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ اور کھیل کے فروغ کےلیے کیا گیا ہے۔حکومت پاکستان نے وزیراعظم اور قوم کی جانب سے گرین شرٹس کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔




