jamalshah

فریال گوہر سے طلاق پر افسوس ہے، سینئر اداکار جمال شاہ

(روزنامہ جرأت)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکار جمال شاہ نے ماضی کی معروف اداکارہ فریال گوہر سے طلاق پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں اداکار جمال شاہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کس قسم کے تعلق کے ختم ہونے پر دکھا ہوا؟ جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ فریال گوہر سے میری پسند کی اور پہلی شادی ہوئی، ہماری جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد مجھے پتا چلا کہ میں پرانے خیالات کا ہوں اور فریال بہت خود مختار (independent) ہے، اور دونوں چیزیں آپس میں بہت مختلف ہیں، ابتدائی طور پر لگا کہ یہ شادی گڑ بڑ ہوگئی ہے لیکن ساتھ رہنا بھی مشکل تھا تو راہیں جدا کرلیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فریال گوہر اور اداکار جمال شاہ نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایک ساتھ شرکت کی تھی جہاں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فریال گوہر نے کہا تھا کہ جمال شاہ سے شادی کرنا میری زندگی کا ایک غلط فیصلہ تھا۔واضح رہے کہ فریال گوہر اور جمال شاہ کو ماضی میں شوبز کی مثالی جوڑی سمجھا جاتا تھا تاہم 1992 میں دونوں کی راہیں جدا ہوگئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں