(روزنامہ جرأت)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی کو مندر لے جانے پر آئی سی سی چیئرمین جے شاہ سمیت کوچ گوتم گمبھیر اور کپتان سوریا کمار یادیو شدید تنقید کی زد میں آگئے۔1983 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے رکن و ممبر لوک سبھا کیرتی آزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ٹرافی مسجد اور گرجا گھر نہیں جاسکتی تو مندر کیوں لے جائی گئی۔انہوں نے کہا کہ محمد سراج ورلڈکپ ٹرافی مسجد نہیں لے جا سکتے تو ایسا کیوں کیا گیا۔ یہ ٹرافی 140 کروڑ بھارتیوں کی ہے کسی ایک مذہب کی نہیں ہے۔کیرتی آزاد نے کہا کہ گوتم گمبھیر اور سوریا کمار آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کے ساتھ ٹرافی مندر لے گئے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئی سی سی کے چیئرمین ٹرافی کے ساتھ مندر کس حیثیت میں گئے؟
کیرتی آزاد نے کہا کہ ورلڈ کپ 1983 جیتنے والی ٹیم میں تمام مذاہب کے کھلاڑی شامل تھے۔




