(روزنامہ جرأت)بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب واقع علاقے دریگون میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں نجی کمپنی کے 10 ملازم جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ دالبندین سے شمال مغرب کی جانب پاک افغان سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں این آر ایل کمپنی تانبہ اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی۔مسلح افراد نے شام تقریباً 6 بجے اچانک حملہ کیا، جس کے دوران فائرنگ کے ساتھ ساتھ تیل کے ذخیرے کو بھی آگ لگا دی گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق دالبندین کے پرنس فہد اسپتال میں اب تک 10 لاشیں منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ 5 زخمی افراد زیرِ علاج ہیں۔جاں بحق افراد میں ایک غیر ملکی، جس کا تعلق ترکی سے بتایا جا رہا ہے، بھی شامل ہے، جبکہ دو مقامی حفاظتی اہلکاروں کا تعلق دالبندین سے ہے۔




