(روزنامہ جرأت)شہرِ قائد کے لیے ایک اور اہم بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، جس کے مطابق پاکستان کی بلند ترین عمارت ’’برجِ قائد‘‘کی تعمیر کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔یہ معاہدہ ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور اے بی ایس ڈیولپرز کے درمیان طے پایا ہے، جس کے تحت 82 منزلہ منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق 941 فٹ اونچی ’’برجِ قائد‘‘ پاکستان کی بلند ترین عمارت ہوگی، جو کراچی میں ڈی ایچ اے سٹی کے اندر تعمیر کی جائے گی۔ جدید طرزِ تعمیر پر مبنی یہ منصوبہ تقریباً 6 ایکڑ اراضی پر محیط ہوگا اور اس کی تکمیل کے لیے 6 سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔منصوبے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے 941 فٹ بلندی کا این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اے بی ایس ڈیولپرز اس منصوبے پر بین الاقوامی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی نگرانی میں کام کرے گا۔’’برجِ قائد‘‘ کی تعمیر سے کراچی میں جدید شہری انفرا اسٹرکچر کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے جب کہ یہ منصوبہ پاکستان میں جدید ہائی رائز ڈیویلپمنٹ کے ایک نئے دور کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے۔




