(روزنامہ جرأت)لاہور میں اغوا اور زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین میں سے ایک غیر ملکی خاتون اسٹرڈ گیبریلا روبنسن کا مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروائے گئے بیان کا کچھ حصہ منظر عام آیا ہے جس میں انہوں نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔اسٹرڈ گیبریلا روبنسن نے اپنے بیان حلفی میں بتایا کہ میری عمر 40 سال ہے اور میں اسپین کے شہر ہنڈاس دی لاس کی رہائشی ہوں، میری کہانی ویسی ہی ہے جیسے اسٹیفنی نے بتایا۔
غیر ملکی خاتون کا کہنا تھا اس گھر میں قیام کے دوران میرا تجربہ مختلف تھا، پہلی رات چار لوگ اسلحے کے ساتھ آئے اور ہمیں باندھ دیا، ایک شخص جس نے کالے کپڑے پہن رکھے تھے، میرے جسم کے مخصوص حصوں کو ٹچ کیا، انہوں نے میرے چہرے پر متعدد بار گھونسے مارے۔گیبریلا روبنسن نے عدالت کو بتایا کہ رضا ڈار آیا اور اس نے مجھے سے کمپیوٹر اور پیسوں کے بارے میں مجھے سے پوچھا، میں نے بتایا دونوں چیزیں سبز بیگ میں پڑی ہوئی ہیں، اس دوران اسٹیفنی کو واپس لایا گیا اور یہ لوگ ہم دونوں سے پاسورڈ اور کمپیوٹر کے بارے میں پوچھتے رہے۔
ان کا کہنا تھا انہوں نے میرے سر پر بہت زور سے پسٹل کا بٹ مارا، وہاں ایک شخص اور موجود تھا جو بہت اچھی انگلش بول رہا تھا، میں نے اس سے پوچھا کہ کیا تم لوگ ہمیں مار دو گے، اس نے کہا کہ اگر تم نے ہمیں پیسے نہ دیے تو زندہ نہیں جاؤ گے، کچھ دیر بعد یہ شخص نیچے چلا گیا اور تین لوگ بیڈ روم میں آگئے۔
مجسٹریٹ کو دیے گئے بیان میں گیبریلا روبنسن نے بتایا کہ ایک بڑی عمر کا شخص رائفل کے ساتھ تھا اس نے دو لوگوں کو میرے پاس رکنے کا کہا، وہ صرف اردو بول رہے تھے اور زور زور سے ہنس رہے تھے، انہوں نے مجھے جنسی تعلق کا کہا جس کا میں نے متعد بار انکار کیا، کالے کپڑوں میں ملبوس شخص مجھے دوسرے فلور پر لے گیا اور مجھے برہنہ کیا، میں روتی رہی لیکن اس نے مجھے تھپڑ مارے اور منہ بند کرنے کا کہا۔غیر ملکی خاتون نے اپنے بیان حلفی میں کہا کہ میرے ساتھ متعدد بار زیادتی کی، میرے شور مچانے پر وہ رک گیا اور مجھے دوبارہ کپڑے پہنا دیے، مجھے دوبارہ اس کمرے میں لے جایا گیا جہاں دیگر لوگ موجود تھے۔
اس حوالے سے سینیٹر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں لکھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراوروزیرخارجہ اسحاق ڈار کے قریبی رشتے دار (مبینہ نواسے) پرغیر ملکی خواتین کو پاکستان بلاکر مبینہ جنسی زیادتی، تشدد اور بھتہ خوری کے الزام سامنے آئے جس کے بعد غالبا متعلقہ غیر ملکی سفارتخانے کی مداخلت پر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
فیصل واوڈا نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ حکومت مبینہ واقعے کو دبانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، کیس کو جنسی زیادتی کے بجائے بھتے تک محدود کرنے کی مبینہ کوشش اور مظلوم غیرملکی خواتین کو جلد از جلد ملک سے واپس بھیجنے کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ اس واقعے میں 164 کا بیان جو اب تک سامنے آ جانا چاہیے تھا وہ منظر عام پر نہیں آیا اور ماضی کی میڈیکل رپورٹس کے ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے من پسند رپورٹس بھی حاصل کر لی جاتی ہیں.
فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے بعد اسحاق ڈارفوری استعفیٰ دیں، کون اس شرمناک الزام کے بعد بطور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ دنیا کے آگے پاکستان کے جھنڈے تلے کھڑا ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز دو غیر ملکی خواتین کو اغوا اور زیادتی کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔اس حوالے سے پولیس ذرائع کا بتانا تھا کہ ملزم رضا ڈار اور دونوں غیرملکی خواتین سنگاپورمیں کاروبار میں شراکت دارتھے، خواتین نے مزید رقم انویسٹ کرنے کا مطالبہ کیا تو ملزم نے ویزے لگوا کر انھیں پاکستان بلا لیا، ملزم نے خواتین سے اپنےدوستوں کے ساتھ مل کرزیاتی کی۔




