(روزنامہ جرأت)بالی وڈ کی سینئر اداکارہ و سیاسی رہنما ہیما مالنی نے دھرمیندر کی موت سے قبل اُن کے آخری پیغام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔اداکارہ نے اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ اپنے تعلق پر بھی بات کی۔حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں 78 سالہ ہیما مالنی نے آنجہانی شوہر کی موت سے قبل اہلِ خانہ کے لیے دیے گئے آخری پیغام کا ذکر کیا۔اداکارہ نے کہا انہوں نے موت سے قبل کہا تھا کہ ہمیشہ خاندان کے ساتھ مل کر رہنا، چاہے کوئی بھی کام ہو، خاندان کو ہمیشہ اہمیت دینی چاہیے۔سنی اور بوبی دیول کے بارے میں ہیما مالنی نے کہا بوبی اور سنی دونوں بہت اچھے بیٹے ہیں، ہم سب ہمیشہ ایک ساتھ رہتے ہیں، ہم اپنی خاندانی باتوں کی تشہیر نہیں کرتے، ہمارے درمیان ایک مضبوط رشتہ اور گہرا تعلق ہے، دھرمیندر کو بھی کبھی اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں تھا۔یاد رہے کہ ہندی سنیما کے سینئر ترین اداکار دھرمیندر گزشتہ برس 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔دھرمیندر اور ہیما مالنی کی پہلی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخر میں ایک ساتھ فلموں میں کام کرتے ہوئے ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین شامل ہیں۔ان کی آن اسکرین شاندار کیمسٹری جلد ہی حقیقی زندگی کی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے 1980 میں شادی کرلی لیکن دھرمیندر پہلے ہی شادی شدہ اور ان کے چار بچے تھے۔ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں۔




