foreignoffice spokeperson

پاکستان کا مشرق وسطیٰ تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر اظہار تشویش

(روزنامہ جرأت)پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب اور تجارتی جہازوں کو دھمکیوں کی مذمت کی، تجارتی جہازوں کو دھمکیاں علاقائی امن اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش ہے۔طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے تمام فریقوں کوضبط وتحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا، پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ افغان طالبان رجیم دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے بدستور موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی طرف سے دہشتگردوں کی پشت پناہی سے علاقائی امن کو خطرہ لاحق ہے، ہزاروں پاکستانی شہری دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوچکے ہیں۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری دہشت گردوں کی پشت پناہی پر افغان طالبان کو جواب دہ ٹھہرائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایرانی وزیرداخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کی ہیں۔ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائےخارجہ سےملاقاتیں کیں جن میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن، کشیدگی کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے روسی وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کی وزیرخارجہ انیتا آنند نے حال ہی میں پاکستان کا اہم دورہ کیا اور پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیاگیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں