لاہور: (روزنامہ جرأت)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز اور آئندہ انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں 2 تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث ان فٹ قرار دیے گئے ہیں، جس کے بعد عبداللہ شفیق کو ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق عبداللہ فضل کو انجری کے بعد ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس کے بعد طبی معائنے میں انہیں ری ہیبلیٹیشن پروگرام شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ اسی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ایک ٹیسٹ میچ اور انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔دوسری جانب سعود شکیل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بقیہ ایک میچ کے لیے اضافی بیٹنگ آپشن کے طور پر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پاکستان کی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی، جہاں3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست، ہیڈنگلے، دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست، لارڈز اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اس وقت جاری ہے، جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرےروز پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز بنالیے۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
(کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔
انگلینڈ کیخلاف پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی عثمان، عبداللہ شفیق، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل (فٹنس سے مشروط)، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔



