saudia arab defense agreement development

مکہ دفاعی اتحاد کا ہنگامی اجلاس: پاکستان اور ترکیہ کے فوجی دستے فوری سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ

(روزنامہ جرأت)مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں ترکیہ اور پاکستان نے اپنی افواج فوری سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیر کو ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے حکام نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس نے لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود (ر) ہلالِ امتیاز (ملٹری) کی مکہ الائنس فار ڈیفنس کے پہلے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے نامزدگی کی توثیق کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور برادر ملک سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ تینوں ممالک نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس کے دوران پاکستان نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان کے مطابق کمیٹی نے اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری طور پر عملی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مشترکہ عسکری افواج و صلاحیتوں کی فراہمی اور مملکت میں فوری تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں