(روزنامہ جرأت)راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ہمراہ 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 24 رنز بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔بعد ازاں ثاقب خان 37، سلمان علی آغا 21 اور عامر جمال 12 رنز بنا کر چلتے بنے تاہم غازی غوری (54) نے رضااللہ (42) کے ہمراہ 56 رنز کی شراکت قائم کی۔رضا اللہ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جبکہ محمد عباس 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے کیریئر میں دوسری مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا اور ملن رتھنائیکے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا تھا۔
پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا تھا۔یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جبکہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث تقریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔




