(روزنامہ جرأت)راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے سری لنکا کا 90 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے دو میچز کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے راولپنڈی میں سری لنکا کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی۔چوتھے روز سری لنکا نے 309 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں اسیتھا فرنانڈو محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنائے تاہم وہ پاکستان کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔سری لنکا کی جانب سے ملن رتھنائیکے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سونل دینوشا 54 اور کوشال مینڈس 53 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے نے 3، 3، رضا اللہ نے 2 جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کو جیت کیلیے 90 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔ عامر جمال 34 اور اذان اویس 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل پاکستان ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی تاہم اسے 227 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
غازی غوری 54، اذان اویس 47، طیب عارف 46 اور رضااللہ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5، اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ ملن رتھنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
محمد عباس شاندار بولنگ کے باعث پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔




