(روزنامہ جرأت)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ یقین ہے ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت جلد مستقل امن میں بدلے گی۔اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام چھٹی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ حرمین شریفین کا دفاع اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے اور باہمی دفاعی معاہدے ہمارے اس عزم کی تصدیق ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، برادر ممالک چین اور ترکیہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے امریکا ایران کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کیلئے اپنا حصہ ڈالا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے فریقین کو میز پر لانے کیلئے اہم کردار ادا کیا، خطے میں امن کیلئے فیلڈ مارشل کی شبانہ روز کوششیں ابھی تک جاری ہیں۔ اسحاق ڈار نے بھی انتھک کوششیں کیں، امریکا اور ایران کی قیادت ہماری دعوت پر اسلام آباد آئی۔ امریکا اور ایران کے درمیان 1979 کے بعد پہلی بار براہ راست مذاکرات ہوئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ امت کو تقسیم کرنے والے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر مسلمان کہلانے کے لائق نہیں، کشمیر اور فلسطین پر پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، کشمیریوں کو اور فلسطینیوں کو انکا حق ملنے تک پاکستان انکا ساتھ دیتا رہے گا۔




